ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ

شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ

Wed, 05 Jul 2017 10:58:11    S.O. News Service

سیول،4؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ میزائل امریکی سرزمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس سے قبل امریکہ کا کہنا تھا کہ جاپان کے پانیوں میں ایک میزائل گرا ہے لیکن اس سے شمالی امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربوں میں اضافے سے تشویش کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔

سرکاری ٹی وی پر جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق شمالی کوریا نے ہواسنگ 14 میزائل کا تجربہ اپنے لیڈر کم جانگ ان کی نگرانی میں کیا۔دوسری جانب جنوبی کوریا کے خبررساں ادارے ہونہاپ نے جنوبی کورین فوج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میزائل مقامی وقت کے مطابق صبح نو بج کر 40منٹ پر شمالی پیانگن صوبے میں بینگہیون سے داغا گیا۔اس سے قبل بحرالکاہل میں تعینات امریکی کمانڈ کا کہنا تھا کہ یہ درمیانی رینج کا میزائل تھا۔جہاں پیانگ ینگ نے اس حوالے سے پیش قدمی کی ہے وہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس بین الابراعظمی بیلسٹک میزائل کے ذریعے کسی جگہ کو درست انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود اپنی جوہری سرگرمیوں اور میزائل تجربات میں اضافہ کیا ہے۔جاپان کے چیف کیبنٹ سیکریٹری ہوشیہندے سوگا نے صحافیوں کو بتایا کہ 'شمالی کوریا کی جانب سے اس طرح کی مسلسل اشتعال انگیزی بالکل ناقابل قبول ہے۔ ہم نے اس کی مذمت اور سخت احتجاج کرتے ہیں۔جنوبی کوریا نے نومنتخب صدر مون ژئی ان نے بھی ملک کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

یہ میزائل ایک ایسے وقت میں داغا گیا جب ایک روز قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی وزیراعظم شنزو ابے اور چینی صدر شی جن پنگ سے علیحدہ علیحدہ شمالی کوریا کے بارے میں بات چیت کی تھی۔گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں مون ژئی ان سے ملاقات بھی کی تھی اور کہا تھا کہ شمالی کوریا کے معاملے پر ان کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو گیا ہے اور اب پختہ ارادے کے ساتھ جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔


Share: